عثمان بزدار وزیراعلی پنجاب کے لئے تحریک انصاف کے امیدوار نامزد
اسلام آباد+ لاہور+ تونسہ شریف+ ڈی جی خان (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار+ بیورو رپورٹ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے سردار عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے پی ٹی آئی کی جانب سے امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ عمران خان نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ان کی تقرری ترقی سے محروم علاقے سے تعلق کی بناءپر کی گئی ہے جہاں لوگوں کے پاس پانی، بجلی، ہسپتال نہیں۔ سردار عثمان بزدار کو بخوبی علم ہے کہ پسماندہ علاقے کے لوگ کن حالات میں زندگی گزارتے ہیں، ان کے گھر میں بھی بجلی نہیں ہے۔ پسماندہ علاقوں کو اوپر لانے کیلئے وہ زبردست کام کریں گے۔ 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں وہ پنجاب کے حلقے پی پی 286ڈیرہ غازی خان 2سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر 27ہزار سے زائد ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ سردار عثمان خان بزدار کے وزیر اعلیٰ پنجاب نامزدگی کے بعد تونسہ اور ٹرائیبل ایریا میں خوشی کی لہر دوڑ گئی سینکڑوں لوگ اور پی ٹی آئی کے کارکن ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے، ٹرائیبل ایریا میں بلوچی رقص کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب بننے کی خوشی میں جگہ جگہ مٹھائیاں تقسیم ہورہی ہیں کیونکہ تونسہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جنوبی پنجاب کے پسماندہ اور دور افتادہ علاقے سے وزیر اعلی پنجاب کی نامزدگی ہوئی ہے ۔ نومنتخب وزیراعظم عمران خان سے جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان نے اسلام آباد میں ملاقات کی ذرائع کے مطابق عمران خان نے عبدالعلیم خان کو عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ پنجاب نامزد کرنے سے آگاہ کیا۔ عثمان بزدار کو جہانگیر ترین کے کہنے پر وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کیا گیا ہے۔ تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں اتحادی جماعتوں کا پارلیمانی اجلاس آج مقامی ہوٹل میں طلب کرلیا ہے۔ اجلاس کی صدارت نامزد گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کریں گے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری اور نامزد وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار بھی شریک ہونگے۔
وزیراعلیٰ نامزد