پاکستان نیوی نے کثیرالقومی ٹاسک فورس 150 کی کمانڈ 10ویں مرتبہ سنبھال لی

18 اگست 2017 (13:16)

پاکستان نیوی نے کثیرالقومی ٹاسک فورس 150-کی کمانڈ 10ویں مرتبہ سنبھال لی ہے، ریئرایڈمرل نوید احمد رضوی نے کہا ہے کہ کثیرالقومی فورس سمندری حدود میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف کاروائیاں جاری رکھے گی ۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان نیوی نے کثیرالقومی ٹاسک فورس 150کی کمانڈ 10ویں مرتبہ سنبھال لی ہے جبکہ پاکستان نیوی کے ریئر ایڈمرل نوید احمد رضوی کثیرالقومی ٹاسک فورس 150کے نئے کمانڈر تعینات کیے گئے ہیں. تبدیلی کمانڈ کی تقریب بحرین میں واقع ہیڈکوارٹرز یو ایس نیوسینٹ میں منعقد ہوئی۔ریئر ایڈمرل نوید احمد رضوی کا کہنا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کے سلسلے میں پا ک بحریہ کے عزم ِ صمیم کے باعث پاک بحریہ اور اتحادی بحری افواج کے مابین تعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کمبائنڈ ٹاسک فورس 150ایک کثیرالقومی اتحاد ہے جوسمندر میں دہشت گردی کی روک تھام کے لیے آپریشنز سر انجام دیتی ہے۔ٹاسک فورس150کی کمانڈ کاپاکستان کودسویں مرتبہ سونپا جانااتحادی فورسز کا پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مہارتوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔