.جی ایس پی پلس‘ صوبائی حکومتوں کو یورپی یونین کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت
اسلام آباد ( عترت جعفری) جی ایس پی پلس کے حوالے سے یورپی یونین کی طرف سے لیبر اور انسانی حقوق کے حوالے سے بعض تحفظات کے سامنے آنے کے بعد صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ لیبر اور دوسرے امور کے بارے میں یورپی یونین کے معیارات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ یورپی یونین کا مشن ممکنہ طورپر جلد پاکستان کا دورہ کرنے والا ہے۔ جو جی ایس پی پلس پر عملدر آمد اور دوسرے امور کا جائزہ لے گا۔ اس سلسلہ میں وزارت تجارت تیاری بھی کررہی ہے۔ گزشتہ دنوں وزارت تجارت میں ایک اجلاس میں منعقد کیا گیا جس میں دفتر خارجہ ‘ ایف بی آر اور دیگر سرکاری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں یورپی یونین کی طرف سے اٹھائے گئے نکات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں یہ طے کیا گیا کہ تمام صوبائی حکومتوں سے کہا جائے گا کہ وہ اپنے اپنے صوبے میں لیبر قوانین اور یورپی یونین کے معیار پر عملدرآمد کو موثر بنائیں۔