سندھ ہائیکورٹ کے بنچ کی فوجی عدالتوں سے سزائوں کیخلاف اپیلوں پر سماعت سے معذرت

18 اگست 2017

کراچی(آن لائن) جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹوکی سربراہی میں سندھ ہائی کورٹ کے بنچ نے فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے دہشت گردوں کی اپیلوں کی سماعت سے معذرت کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹوکی سربراہی میں سندھ ہائی کورٹ کے بنچ میں سانحہ صفورا اوردیگرالزامات میں فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے دہشت گردوں کی اپیلوں کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران درخواست گزارنے موقف اختیارکیا درخواست گزاروں کوفوجی عدالت نے مختلف الزامات میں موت کی سزا سنائی ہے۔مجرمان کے اہلِ خانہ کومقدمات کی تفصیلات نہیں بتائی جارہیں، اہلِ خانہ کی ملاقات کرائی جائے اورسزا پرعمل درآمد روکا جائے جب کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں مجرمان کی اپیل دائر کرنے کا موقع دیا جائے۔جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹوکی سربراہی میں بنچ نے دہشت گردوں کی سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے نئے بینچ کی تشکیل کے لیے کیس دوبارہ چیف جسٹس کو بھجوادیا۔واضح رہے کہ فوجی عدالت نے دہشت گرد سعد عزیز، طاہرمنہاس، اظہرعشرت، حافظ ناصراوراسد الرحمان کو سزائے موت سنائی تھی۔