گیس بجلی سکیموںکیلئے فنڈز فوری جاری کئے جائیں وزیر اعظم :کل کوئٹہ جائینگے
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ہفتہ کو کوئٹہ جائیں گے وزیراعظم گورنر ہاؤس میں متعدد اجلاسوں میں شریک ہوں گے جس میں سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد امن و امان اور سیاسی صورتحال پر بات چیت کی جائے گی مزید برآں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سرکاری اشتہارات میں ان کی تصویر نہ لگانے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے بلوچستان کے وزیراعلیٰ سردار ثناء اﷲ خان زہری‘ بہاولپور سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی کے وفد نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے درمیان ملاقات میں سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا وہ جلد بلوچستان کا دورہ کرینگے۔ جن میں ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ بلوچستان ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ اس کی دلیل سی پیک‘ گوادر کی بندر گاہ اور سڑکوں کا نیٹ ورک اور سماجی و معاشی سکیمیں ہیں۔ حکومت امن و امان پر توجہ مرکز کئے ہوئے ہے۔ بلوچستان کو ملک کی دوسری اکائیوں کے مساوی لانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر ان کو مبارکباد دی۔ ارکان اسمبلی نے اپنے حلقوں کی ترقیاتی سکیموں کے بارے میں بتایا۔ وزیراعظم نے کہا حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ارکان کے حلقوں میں گیس اور بجلی کی سکیموں کے لئے فنڈز فوری جاری کئے جائیں۔ وزیراعظم نے کہا ارکان مسائل کے حل کیلئے ان سے کسی بھی وقت رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔ وفد میں بین الصوبائی رابطہ کے وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ‘ وزیر صنعت ارشد خان لغاری‘ مخدوم سید علی حسن گیلانی‘ سید محمد اصغر‘ میاں امتیاز اور دیگر ارکان شامل تھے۔ پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈیوڈہیل نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی ۔ جس میں دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امریکہ کو اہم پارٹنر سمجھتا ہے اور موجودہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا چاہتا ہے۔ امریکی سفیر نے وزیراعظم کو منصب سنبھالنے کی مبارکباد دی اور دوطرفہ تعاون میں اضافہ کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ وزیراعظم نے اپنے مشیروں اور معاونین خصوصی کو ذمہ داریاں تفویض کردی ہیں۔ مشیروں میں انجینئر امیر مقام کو سیاسی امور کی عرفان صدیقی کو تاریخ اور ادبی ورثہ کی ذمہ داری دی گئی۔ جام معشوق علی ارسا امور کے نگران ہوں گے۔ سردار مہتاب احمد خان شہری ہوابازی کے مشیر ہوںگے۔ معاونین خصوصی میں ڈاکٹر سید آصف سعید کرمانی کو وزیر مملکت کے درجہ کے ساتھ سیاسی امور، مفتاح اسماعیل کو وزیر مملکت کی حیثیت سے اقتصادی امور، ڈاکٹر مصدق ملک کو میڈیا امور، ظفر اﷲ خان کو قانون اور خواجہ ظہیر احمد کو ادارہ جاتی اصلاحات کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ وزیراعظم کو ریلوے امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی اجلاس میں وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد فریق نے بھی شرکت کی وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ریلویز میں سروس ڈیلیوری کومزید بہتر بنانے کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا جائے وزیراعظم کو ایم ایل ون کراچی ، پشاور کو بہتر بنانے کے منصوبے کے بارے میں بتایا یہ منصوبہ سی پیک کا حصہ ہے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس منصوبے کو تیزی سے مکمل کیا جائے دریں اثناء وزیراعظم سے برآمد کنندگان کے ایک وفد نے ملاقات کی ملاقات میں وزیر تجارت پرویز ملک اور معاون خصوصی مفتاح اسماعیل بھی موجود تھے۔ برآمد کنندگان نے برآمدات میں اضافہ کیلئے متعدد تجاویز دیں۔ وزیراعظم نے برآمد کنندگان کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔