ملی مسلم لیگ قائداعظم، علامہ اقبال کے افکار و کردار کی آئینہ دار ہو گی: سیف اللہ خالد
لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد اور حلقہ این اے120سے حمایت یافتہ امیدوار محمد یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے ملک میں نظریہ پاکستان کی بنیاد پر سیاست کرنے والے ہی کامیاب ہوں گے، ہم سیاست برائے سیاست نہیں اصلاح کا کام کریں گے، قائداعظم اورعلامہ اقبال کاپاکستان بنانے کے لئے عوام ملی مسلم لیگ کی حمایت کریں۔ این اے120میںضمنی انتخاب میں بھر پور مقابلہ کریں گے۔ ملی مسلم لیگ قائداعظم اورعلامہ اقبال کے افکاروکردارکی آئینہ دارہوگی۔ پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ افراد جتنے بھی اکٹھے کر لئے جائیں اگران کی دینی واخلاقی تربیت نہ ہو تو وہ محض ہجوم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں این اے 120کے مختلف علاقوں سے آنے والے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ این اے 120کے ضمنی انتخابات میں ڈور ٹو ڈور مہم چلائیں گے، مختلف علاقوں میں ملی مسلم لیگ کے دفاتر کھولے جائیں گے۔ 1973ء کادستورپاکستان کواسلامی ریاست قراردیتاہے۔میں سمجھتاہوں کہ یہ دستوراللہ کی نعمت ہے۔اصل مسئلہ دستورپرعملدرآمدکاہے۔ کچھ عناصر اس دستورکے نفاذ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں جس سے مسائل بڑھ رہے اورخلا پیدا ہورہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ مملکت خدادادپاکستان کودشمن چاروں طرف سے گھیرنے کے درپے ہیں۔ یہ حالات مثبت سیاسی فعال کرداراداکرنے کے متقاضی ہیں۔ ان حالات سے عہدہ برا ہونے اور ملک کی نظریاتی سرحدوں کے دفاع کے لئے ہم نے سیاسی کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ ایک امانت ہے اور اس کا صحیح استعمال ضروری ہے۔عوام الناس صادق اور امین لوگوں کو ووٹ دیں۔ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہاکہ این اے120میں ہم نے محمد یعقوب شیخ کی حمایت کی ہے۔ عوام کے ووٹ کی طاقت سے کامیاب ہوں گے۔