تحریک انصاف نے وزیراعظم ہیلتھ انشورنس پروگرام کارڈز سے نوازشریف کی تصویر ہٹانے کیلئے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی

18 اگست 2017

تحریک انصاف نے وزیراعظم ہیلتھ انشورنس پروگرام کارڈز سے نوازشریف کی تصویر ہٹانے کیلئے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف نے وزیراعظم ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت جاری کارڈ ز پر نواز شریف کی تصویر ہٹانے کیلئے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی ، قرارداد پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے جمع کرائی، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم ہیلتھ انشورنس پروگرام کو رواں مالی سال میں 14 نئے اضلاع میں شروع کرنے اور تین ارب روپے بجٹ جاری کرنے کی منظوری دی جا چکی ہے جس کے تحت پنجاب کے 12 اضلاع اور بلوچستان کے 2 اضلاع میں عوام کو ہیلتھ کارڈز جاری کئے جائیں گے جبکہ انشورنس پروگرام کے تحت اب تک ملک بھر کے 26 اضلاع کے 60 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ کئے گئے ہیں، متن کے مطابق نواز شریف کو سپریم کورٹ کے پانج ججوں نے طویل سماعت کے بعد صادق اور امین نہ ہونے پر نا اہل کیا لیکن اسکے باوجود ہیلتھ انشورنس کارڈز پر نواز شریف کی تصویر ہے جو سراسر غیر آئینی اور سپریم کورٹ کے فیصلے کا مذاق ہے لہٰذا یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے ہیلتھ انشورنس کارڈ ز سے نا اہل نواز شریف کی تصویر کو ہٹایا جائے تاکہ ملک میں کرپشن کی روک تھام اور کرپٹ عناصر کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔