الیکشن کمشن اخراجات کی نگرانی کرے، اصلاحات کو یقینی بنایا جائے: سراج الحق

18 اگست 2017

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے الیکشن سے قبل انتخابی اصلاحات کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے، سیاسی قیادت الیکشن اصلاحات کے نفاذ کیلئے مشترکہ لائحہ عمل دے، الیکشن ریفارمز کے بغیر انتخابات محض چہرے بدلنے کی ریہرسل ہے، انتخابات میں دولت کے بے دریغ استعمال کو رو کنا اور انتخابی بے قاعدگیوں کا ذمہ دار براہ راست پریزائیڈنگ آفیسر کو قرار دیا جائے۔ اربوں روپے خرچ کرکے اور ووٹ خرید کر الیکشن جیتنا سب سے بڑی دھاندلی ہے۔ الیکشن کمشن انتخابی اخراجات کی خود نگرانی کرے اور اخراجات کی مقررہ حد سے تجاوز کرنے والوں کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری نہ کیا جائے ۔آئین کی دفعہ 62، 63 پر پورا نہ اترنے والے امیدواروں کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دی جائے۔ امریکہ کی طرف سے حزب المجاہدین کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا دنیا بھر کی آزادی پسند قوموں کی آزادی کو سلب کرنے کے مترادف ہے۔ ٹرمپ مودی کی محبت میں تمام اصولوں کو فراموش کرچکا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں اپنی صدارت میں ہونے والے جماعت اسلامی کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا پارلیمنٹ کی انتخابی اصلاحات کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹی نے کچھ عرصہ قبل انتخابات میں بہتری کیلئے جو تجاویز دی تھیں ابھی تک ان پر عمل درآمد نہیں ہو سکا۔ سیاست کو جاگیر دار وڈیر ے اور سرمایہ دار اپنے گھر کی لونڈی سمجھتے ہیں، سیاسی پارٹیوں کے اندر جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں بلکہ اکثر سیاسی جماعتیں خاندانی پراپرٹی بن گئی ہیں، چند خاندانوں نے سیاست اورجمہوریت کویرغمال بنا رکھا ہے۔ امریکہ کی طرف سے حزب المجاہدین کو دہشتگرد تنظیم قرار دے کر اس پر پابندی لگانا عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ محض بھارت کی خوشنودی کے لیے پابندی لگانا قرین انصاف نہیں۔