0بھارتی مظالم کشمیریوں کو جدوجہد آزادی سے نہیں روک سکتے: خواجہ آصف
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ خواجہ آصف نے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارت کے بدترین جبر و تشدد، شہریوں کی شہادت حریت رہنمائوں کی اسیری اور انہیں ہراساں کرنے کی پالیسیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے تازہ ظلم و تشدد پر اپنے ردعمل میں وزیر خارجہ نے کہا بھارتی حکومت یہ نوشتہ دیوار پڑھ لے کہ اس کا ظلم کشمیریوں کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق کودارادیت کیلئے ان کی جدوجہد سے نہیں روک سکتا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیری، پر امن انداز میں جس عزم کے ساتھ حق خودارادیت کی جدوجہد میں مصروف ہیں وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کیا وہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی بھارتی سازش کا فوری نوٹس لے۔ انہوں نے کہا بھارت کی مذموم کوششیں سلامتی کونسل کی قراردادوں اور تمام عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کیلئے جدوجہد میں انہیں بھرپور اخلاقی سیاسی اور سفارتی مدد فراہم کرے گا۔