انڈر 19 ورلڈ کپ 2018 ءکے شیڈول کا اعلان، پاکستان گروپ سی میں شام

18 اگست 2017

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) کرکٹ کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئندہ برس ہونےوالے انڈر 19 ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کردیا جس کا آغاز 13 جنوری 2018 سے ہوگا۔ 22 روز پر مشتمل ایونٹ کے آغاز سے قبل شریک ٹیموں کے وارم اپ میچز بھی منعقد کیے جائیں گے۔ایونٹ میں ک±ل 16 ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں 4 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ایونٹ کے افتتاحی روز 4 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ اسی دن پاکستان بھی ایونٹ میں افغانستان انڈر 19 کے خلاف پہلا میچ کھیلے گا جبکہ ویسٹ انڈیز ایونٹ میں دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے میدان میں اترے گا۔گروپ اے میں میزبان نیوزی لینڈ اور دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کےساتھ جنوبی افریقہ اور کینیا شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں بھارت، آسٹریلیا، زمبابوے اور پپوا نیو گنی کا مقابلہ ہوگا۔دو مرتبہ کی چیمپئن ٹیم پاکستان کے ساتھ افغانستان، آئرلینڈ اور سری لنکا گروپ سی میں موجود ہیں‘ گروپ ڈی میں انگلینڈ، نمیبیا، کینیڈا اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔ہر گروپ کی تمام ہی ٹیمیں کواٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی اور ان ٹیمیوں کو پلیٹ کیٹیگری اور سپر لیگ کیٹیگری کے کوارٹر فائنل مراحل اور پھر ان ہی کیٹیگری کے فائنل کھیلنے ہوں گے۔آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں فائنل میچ سے قبل درجہ بندی کے لیے بھی میچز منعقد کیے جائیں گے۔اب تک 11 مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ٹورنامنٹ منعقد کیا جاچکا ہے جس میں آسٹریلیا اور بھارت 3، 3 مرتبہ جبکہ پاکستان 2 مرتبہ ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔پاکستان نے پہلی مرتبہ 2004 کے ایونٹ میں خالد لطیف کی قیادت میں ویسٹ انڈیز کو 25 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ دوسری مرتبہ پاکستان نے سرفراز احمد کی کپتانی میںبھارت کو 71 رنز پر ڈھیر کرکے 38 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔پاکستان اور بھارت 5 مرتبہ انڈر 19 ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں جبکہ پاکستان واحد ٹیم ہے جس نے ایک مرتبہ کامیابی کے ساتھ اپنے اعزاز کا دفاع کیا تھا۔