پاکستان سے سکواش کو کچھ نہیں ملا‘جہانگیر خان کا شکوہ

18 اگست 2017

لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر ) سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان نے کہاہے کہ سکواش نے پاکستان کو کھیلوں کی دنیا میں جو رتبہ دلوایا اس کے بدلے میں اسے کچھ نہیں ملا۔ پاکستان میں سکواش پر کبھی بھی سنجیدگی سے توجہ نہیں دی گئی۔اگر فیڈریشن ایئرفورس سے لے لی جاتی ہے تو پھر حکومت کو اس کھیل کے لیے بہت کچھ کرنا ہوگا۔پاکستان سپورٹس بورڈ اور حکومت سے جو مدد اس وقت مل رہی ہے وہ نہ ہونے کے برابر ہے۔اگر کوئی یہ سوچتا ہے کہ دس بیس لاکھ روپے سے فیڈریشن چلائی جا سکتی ہے تو یہ ناممکن ہے۔جہانگیر خان کا کہنا ہے کہ سابق عالمی چیمپئن کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرنا اور ان کے تجربے سے فائدہ اٹھانا حکومت اور سکواش فیڈریشن کی ذمہ داری ہے۔کوئی بھی ورلڈ چیمپئن اپنی فائل لے کر ِخود نہیں گھومے گا اور کہے گا کہ اس سے کام لے لیں۔ آج انگلینڈ، آسٹریلیا، فرانس اور مصر میں سابق ورلڈ چیمپیئنز کوچنگ اور ٹریننگ سے وابستہ ہیں تو انھیں یہ ذمہ داری ان کی حکومت اور فیڈریشن نے سونپ رکھی ہے اور وہ بڑی تعداد میں جونیئر کھلاڑی تیار کررہے ہیں۔جہانگیر خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج پاکستان میں نوجوان کھلاڑیوں میں وہ جذبہ نہیں ہے جو بڑا کھلاڑی بننے کے لیے درکار ہوتا ہے۔'ان کے پاس واضح سوچ نہیں ہے۔ وہ جس مقام پر ہیں اسی پر خوش ہیں، اسی پر سمجھوتہ کیے بیٹھے ہیں۔ سکواش میں شارٹ کٹ نہیں ہے۔ یہ راتوں رات کامیابی حاصل کرنے والا کھیل نہیں ہے۔تاہم جہانگیر خان نے یہ بھی کہا کہ وہ پاکستان میں سکواش کے مستقبل سے مایوس نہیں ہیں۔'ملک میں باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں ان میں صرف محنت کی کمی ہے اگر وہ آج سے سخت محنت شروع کریں تو اگلے پانچ دس سال میں کوئی نہ کھلاڑی ورلڈ چیمپیئن بن سکتا ہے لیکن آج وہ جس طرح مطمئن ہو کر کھیل رہے ہیں اسے دیکھتے ہوئے ان کے لیے بلند مقام تک پہنچنا ممکن نہیں۔