صوبائی محتسب پنجاب کی من مانیوں کیخلاف ملازمین کا آفس کے سامنے احتجاج
لا ہو ر(اپنے نامہ نگار سے)محتسب پنجاب کے ملازمین نے صوبائی محتسب نجم سعید کے خلاف احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔مظاہرین نے کہا کہ وہ حکومتی منظوری کے بغیرپنجاب بھر میں ضلعی دفاتر کے قیام، ملازمین کے تبادلوں اور من مانی پالیسیوں کے خلاف محتسب پنجاب آفس کے سامنے احتجاج کر رہے ہیں۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ صوبائی محتسب قانون کی بجائے اپنی من مانی پالیسیوں پر عمل کرتے ہیں۔ملازمین نے انہیں عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ احتجاج کے باعث محتسب پنجاب آفس کے سامنے سے گزرنے والی سڑک پر ٹریفک شدید متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ ملازمین نے صوبائی محتسب اور ان کے بھانجے کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے مطالبات منظور نہ ہونے پر احتجاج کا سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔احتجاج میں 50 سے زائد ملازمین شامل تھے۔