بھارت ، پاکستان کے شکنجے میں آگیا ، ایشیا کرکٹ کپ کی میزبانی بھی چھن جانے کا امکان

18 اگست 2017

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )ہر بار پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے سے انکاری بھارت آخر کار پاکستان کے شکنجے میں آ گیاہے ،بھارتی کرکٹ بورڈ کے عہدیدار 2018میں بھارت میں ہونے والے ایشیاکپ کے باعث کافی پریشان نظر آ رہے ہیں اور ایک عہدیدار کا کہناہے کہ اگر پاکستان کو نہ بلایا تو ایشیا کپ بھارت میں نہیں ہو سکے گا۔رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار کا کہناہے کہ ہم ایشیا کپ 2018میں پاکستان کو بلانے کیلئے اپنی حکومت کو درخواست بھیجیں گے کیونکہ اگر پاکستان کے بغیر ایشیاکپ بھارت میں نہیں ہو سکتا ،اگر پاکستان کو نہ بلایا تو ٹورنامنٹ کہیں اور منتقل کر دیا جائے گا۔ان کا کہناتھا کہ ماضی میں بھی انڈر 19ایونٹ میں پاکستان کے تحفظات کے باعث ایونٹ کو بھارت سے باہر ملائشیاءمیں منتقل کر دیا گیاتھا اس لیے اب ہم اپنی حکومت سے کلیئرنس لینے کیلئے دوبارہ درخواست کریں گے۔ پاکستان، بھارت معرکے کے بغیر ٹورنامنٹ ہونہیں سکتا اس لئے حکومت کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔آفیشل نے کہا کہ حکومت نے پہلے انڈر 19 ایشیا کپ پر بھی جواب نہیں دیا تھا جس کے بعد ٹورنامنٹ کی میزبانی بھارت سے ملائیشیا کو منتقل کردی گئی تھی۔