دہشتگردی کے خاتمے کیلئے صوفیاءکے افکار کا فروغ ضروری ہے: ڈی جی اوقاف

18 اگست 2017

لاہور (خصوسی نامہ نگار) صوفیا کی خانقاہوں سے متصل مدارس علوم ومعارف کے مرکز اور تزکیہ وطہارت کے مسکن تھے، دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمہ کے لےے متصوفانہ افکار کی ترویج وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے جامعہ ہجویریہ داتا دربار کے نئے تعلیمی سال کے آغاز کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر طاہر بخاری نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش رحمہ اللہ تعالیٰ نے برصغیر میں تشریف آوری کے بعد "جامعہ ہجویریہ"قائم کیا،جس سے آج بھی اکتساب فیض کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر شیخ الحدیث مفتی محمد صدیق ہزاروی نے بخاری شریف کے درسِ حدیث سے طلبہ کے نئے تعلیمی سال کے اسباق کا آغاز کیا۔ تقریب میں قاری محمد عارف سیالوی صوبائی خطیب اوقاف، مفتی محمد رمضان سیالوی خطیب جامع مسجد داتا دربار ، مفتی گل احمدعتیقی، ڈاکٹر نور محمد اعوان زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف داتا دربار ،علامہ بدرالزمان قادری پرنسپل جامعہ ہجویریہ بھی شریک تھے۔