;;امریکہ کا حزب المجاہدین کو دہشت گرد قرار دینا مایوس کن ہے‘ پاکستان : آرپار کشمیریوں نے احتجاج کیا

18 اگست 2017

اسلام آباد(صباح نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ امریکہ نے انسدادہشت گردی کی کوششوں میں ہمیشہ پاکستان کی قربانیوں کو سراہا تاہم حزب المجاہدین کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا مایوس کن ہے، بھارت نے کھل کر سی پیک کی مخالفت کی جبکہ کوئٹہ دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے بارے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا بھارت نے کھل کر سی پیک کی مخالفت کی۔کلبھوشن یادیو کا بیان اس حوالے سے ریکارڈ پر موجود ہے جب کہ کوئٹہ دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے بارے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا تاہم بھارت پاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری میں ملوث ہے۔پاکستانیوں نے 70 واں یوم آزادی خوش و جذبہ سے منایا، ترک اور سعودی فضائی ہوا بازوں کی یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت اہم ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم میں اضافہ ہوا جہاں 5دن میں بھارت نے 6کشمیریوں کو شہید اور 6سے زائد کشمیری نوجوانوں کو زخمی کیا گیا۔ حریت قیادت پابند سلاسل ہے اور ادویات بھی فراہم نہیں کی جا رہیں۔ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے لئے جدوجہد گزشتہ کئی برس سے جاری اور جائز ہے جب کہ ماضی میں بھارتی قابض افواج نے مقبوضہ کشمیر میں طاقت کا بیجا استعمال کیا اور اب بھی کر رہا ہے، نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ حقیقت یہی ہے کہ ہم بھارت کے ہمسائے ہیں اورخطے کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہمیں اپنے مسائل کو ختم کرنا ہو گا، پاکستان بھارت تعلقات میں بنیادی مسئلہ کشمیر کا ہے جس کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا ایک ہی حل ہے اور وہ حل کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کی فراہمی ہے۔نفیس زکریا نے کہا امریکہ نے انسدادہشت گردی کی کوششوں میں ہمیشہ پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔امریکہ نے بارہا کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو سراہتا ہے۔ امریکہ کے ساتھ تعاون کے فروغ کے لئے 6ورکنگ گروپ کام کر رہے ہیں جب کہ امریکہ کی جانب سے حزب المجاہدین کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا مایوس کن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحادی سپورٹ فنڈ امریکی امداد نہیں بلکہ انسداد دہشت گردی اخراجات کی ادائیگیاں ہیں ،ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ نیپال میں مغوی لیفٹیننٹ کرنل ر حبیب ظاہر کو بھارت لے جانے کے شواہد ملے تھے تاہم بھارت کی جانب سے ان کی بازیابی کے حوالے سے مثبت جواب نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کو اپنا عہدہ سنبھالنے پر افغان حکومت کی جانب سے دورے کی دعوت ملی تھی ان کے دورہ افغانستان کے دوران سیاسی،عوام رابطوں،افغان مہاجرین کی واپسی،تجارت اور دیگر پاک افغان امور پر دورے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔افغانستان اور پاکستان نے مل کر دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے پر اتفاق کیاہے۔ قبل ازیں بھی دونوں حکومتوں میں اعلی سطح پر رابطے ہوتے رہتے ہیں۔ایک سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کے بیان اور امریکہ اقلیتوں کو آزادی حاصل نہ ہونے کی رپورٹ میں بھارت کا بھرپور ذکر ہے۔امریکہ نے انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں ہمیشہ پاکستان کی قربانیوں کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندو دہشتگرد تنظیمیں بھارت میں مقیم اقلیتوں کیساتھ پاکستان میں بھی دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اتحادی سپورٹ فنڈ امریکی امداد نہیں بلکہ امریکہ کی جانب سے انسداد دہشت گردی کی جنگ کے اخراجات کی ادائیگیاں کرنا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران اور پانچ بڑی عالمی طاقتوں کے درمیان ایٹمی معاہدے کے معاملے کو بات چیت کے زریعے حل کرنے پر زور دیتا ہے۔
نفیس زکریا

مظفرآباد (آئی این پی+ صباح نیوز) امریکہ کی جانب سے کشمیری عسکری کمانڈر سید صلاح الدین کے بعد کشمیری عسکری تنظیم حزب المجاہدین کو دہشتگرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کیخلاف آر پارکشمیری سراپا احتجاج بن گئے، آزادکشمیر بھر میں مظاہرے اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ دارالحکومت مظفر آباد میں شہریوں نے امریکہ اور بھارت مخالف شدید احتجاج کیا۔ برہان چوک میں شدید نعرے بازی کی اور گھڑی پن تک ریلی نکالی گئی۔ مغلوب اقوام کو جارح اور قابض افواج کیخلاف ہتھیار اٹھانے کا حق دیتا ہے۔ مظاہرہ میں متحدہ جہاد کونسل کے سیکرٹری جنرل شیخ جمیل الرحمان، نائب امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر شیخ عقیل الرحمان، پاسبان حریت جموں کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، حزب المجاہدین کے کمانڈر محمد اصغر رسول، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس جموں کشمیر کے وائس چیئرمین مشتاق الاسلام، غلام اللہ آزاد، سماجی رہنما بشارت نوری، حامد جمیل، حمزہ شاہین، مقصود کیانی سمیت سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات کے علاوہ سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ جمیل الرحمان نے کہا کہ متحدہ جہاد کونسل امریکہ کی جانب سے سید صلاح الدین احمد اور حزب المجاہدین پر لگائی جانیوالی پابندیوں کو مسترد کرتی ہے۔ امریکہ نے اپنے معاشی مفاد کیلئے حزب المجاہدین پر پابندی لگائی جسے پوری کشمیری قوم مسترد کرتی ہے۔ شیخ عقیل الرحمان نے کہا کہ بھارت سات لاکھ فوج کے ذریعے کشمیری عوام پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہا ہے، پورا یورپ اور امریکہ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ امریکہ کے پاس کوئی جواز نہیں کہ وہ حزب المجاہدین اور سید صلاح الدین احمد پر پابندیاں عائد کرے۔ بھارت خطہ کے اندر جنگی ماحول کو ہوا دے رہا ہے۔ چائنہ کیساتھ بھارت کی جنگ ہوتی ہے تو پاکستان کو بھی بھارت پر حملہ کر دینا چاہئے اور کشمیر کی آزادی کیلئے راستہ ہموار کرنا چاہئے۔ عزیر احمد غزالی نے کہا بھارت غاصب اور جارح ملک ہے۔
کشمیری/ احتجاج