سعودی شاہ سلمان کا قطری عازمین کو اپنے خرچ پر حج کرانے کا اعلان
جدہ(آن لائن)سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے قطری عازمین حج کے مملکت میں داخلے کے لیے زمینی گذرگاہ کھولنے اور انہیں مناسک حج کی ادائیگی میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا حکم دے دیا ۔ اس کے ساتھ ساتھ شاہ سلمان کی طرف سے قطری عازمین حج کو دوحہ سے خصوصی حج پروازوں کے ذریعے مکہ مکرمہ لانے اور اپنے خرچ پر انہیں حج کرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق شاہ سلمان کی طرف سے قطری عازمین حج کو سہولیات دینے کے احکامات ولی عہد شہزادہ محمد بن عبدالعزیز کی سفارش پر جاری کئے ہیں۔قبل ازیں شہزادہ محمد بن سلمان نے جدہ میں قطر کے حاکم خاندان کے اہم فرد الشیخ عبداللہ بن علی بن عبداللہ بن جاسم آل ثانی سے ملاقات کی۔ الشیخ عبداللہ قطر کے بانی حکمران علی بن عبداللہ آل ثانی کے نویں صاحبزادے ہیں۔