نوجوان ملک و قوم کا مستقبل ہیں‘ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد

18 اگست 2017

کراچی (نیوز رپورٹر)وفاقی اردو یونیورسٹی کے شعبہ حیوانیات کے تحت جشن آزادی کے سلسلے میں جمعرات کو ہونے والے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد نے کہا کہ نوجوان ملک و قوم کا مستقبل ہیں اگر یہ محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کریں تو نہ صرف اپنی بلکہ ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ ہمارے نوجوان اپنی صلاحیتوں کی بدولت دنیا بھر میں اپنی قابلیت کا سکہ منوا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ وطن سے محبت کے اظہار کا بہترین ذریعہ ہے کہ ہم سب ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں اور وقت کی پابندی کریں۔دوسروں پر نکتہ چینی سے بہتر ہے کہ اپنی توانائی کو اپنی صلاحیتوں کو بہتر اور اجاگر کرنے میں صرف کریں۔ملک اور ادارے اسی وقت ترقی کریں گے جب سب متحد ہوکر کام کریں گے۔جو طالب علم محنت سے تعلیم حاصل کرے گا وہ جس شعبے میں جائے گا کامیاب ہوگا۔ ہم نصابی سرگرمیوں کے انعقاد سے طلباءکی ذہنی وجسمانی صلاحیتیں پروان چڑہتی ہیں اس طرح ان کی توانائی میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ تعلیم کے میدان میں مزید متحرک ہوجاتے ہیں۔ پروگرام میں رجسٹرار ڈاکٹر محمد صارم، رئیس کلیہ سائنس پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق ،چیئرمین شعبہ حیوانیات پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد، اساتذہ اور طلبا ءکی بڑی تعداد نے شرکت کی۔