;; این اے 120 : کلثوم نواز پر اعتراضات مسترد ، یاسمین راشد ، فیصل میر کے کاغذات نامزدگی بھی منظور

18 اگست 2017

لاہور (خصوصی رپورٹر + خصوصی نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) این اے 120 کے ضمنی انتخابات کیلئے ریٹرننگ افسر نے تمام اعتراضات مسترد کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے۔ کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی پر پی ٹی آئی‘ عوامی تحریک اور پیپلزپارٹی نے اعتراضات کئے تھے۔ ریٹرننگ افسر نے تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشد کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کر لئے۔ ان کے خلاف داخل کرائے گئے اعتراضات پیپلزپارٹی کے امیدوار فضل میر نے واپس لے لئے۔ پیپلزپارٹی کے امیدوار فیصل میر کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کر لئے گئے۔ کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری پر این اے 120 میں مسلم لیگی کارکنوں نے جشن منایا‘ آتشبازی کی اور نوازشریف‘ شہبازشریف اور بیگم کلثوم نواز کے حق میں نعرے بازی کی۔ بلال گنج میں عثمان تنویر بٹ‘ ملک محمود الحسن‘ سردار نسیم‘ عتیق الرحمن کی قیادت میں ریلی نکالی جو سیدھی داتا دربار پہنچی جہاں شرکاء نے شکرانے کے نوافل ادا کئے۔ موہنی روڈ پر اصغر کوکب‘ طارق تارا کی قیادت میں مسلم لیگی کارکنوں نے جشن منایا اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا۔ راجگڑھ میں سابق رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر زمرد یاسمین اور رانا سعید اختر کی قیادت میں مردوخواتین کارکنوں کی بڑی تعداد نے ریلی نکالی اور مٹھائی تقسیم کی۔ دوسری جانب تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم ووٹ خریدتے نہیں مانگتے ہیں۔ ہم ہر جگہ ووٹ جا کر مانگ رہے ہیں۔ اگر ہمیں کمپین کے دوران تنگ کیاگیا تو ہم خود نمٹیں گے۔ ہم اسی دن جیت گئے تھے جس دن نوازشریف نااہل ہوئے۔ سیاست میں ان لوگوں کو آنا چاہئے جو اسے عبادت سمجھتے ہیں۔ لندن میں بیٹھ کر الیکشن بھی نہیں لڑا جا سکتا۔ اگر حلقے میں نوازشریف انتخابی مہم کا حصہ بنیں گے تو وہ سپریم کورٹ کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہوگی۔ یاسمین راشد سے مرکزی انتخابی دفتر میں اربن لاہور سے پارٹی رہنما ولید اقبال یوسی 54 اور پارٹی رہنما مہر واجد عظیم یوسی 55 کی ٹیموں کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ الیکشن کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ تحریک انصاف لاہور کے صدر ولید اقبال‘ سیکرٹری جنرل میاں حماد اظہر‘ نعیم الحق‘ طاہر رشید چودھری‘ عاطف چودھری‘ ملک عثمان حمزہ‘ رخسانہ نوید‘ رافیہ کمال نے یونین کونسل 54 میں ڈاکٹر یاسمین راشد کیلئے ڈور ٹو ڈور رابطہ مہم کے سلسلہ میں گھر گھر جا کر پمفلٹ تقسیم کئے۔
کاغذات منظور