حکومت اسلام آباد کے عوام کو انکے بنیادی حقوق سے محروم کر رہی ہے‘ اسد عمر

18 اگست 2017

اسلام آباد( اپنے سٹاف رپورٹر سے) تحریک انصاف اسلام آباد کی یونین کونسل آئی ایٹ میںیوسی چیرمین علی اعوان اور ان کی ٹیم کی بھرپور کاوشوں کی بدولت نئے ٹیوب ویل کا افتتاح کر دیا گیا۔اس سلسلے میں گذشتہ روز میٹروپولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے قائد حزب اختلاف علی اعوان کے زیر اہتمام ایک تقریب کا انعقاد کیاگیا جس کے مہمان خصوصی پی ٹی آئی کے مرکزی و سینئر رہنما و ایم این اے اسد عمر تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ بلدیاتی ایلیکشن میں کیا گیا ایک اور وعدہ آج پورا ہو گیا۔ اسلام آباد میں پانی کی شدید قلت پائی جاتی ہے اور اس کو پورا کرنے کے لیے ایک اور ٹیوب ویل کا اضافہ تحریک انصاف کی پانی کی کمی کو پورا کرنے کی انتھک کوششوں کی ایک کڑی ہے جو آج پایہ تکمیل کو پہنچی ہے۔ اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ بلدیاتی ایلیکشن کے نتیجے میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی تاحال تاخیر کا شکار ہے جس کی بڑی وجہ حکومت کا اسلام آباد کی عوام کو ان کے حقوق سے محروم رکھنا ہے۔تحریک انصاف عوام کی فلاح و ترقی پر یقین رکھتی ہے اور ان کے حقوق کے لیے قومی اسمبلی سمیت ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔اس موقع پر آئی ایٹ کی عوام نے پی ٹی آئی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔