تبلیغِ اسلام کے ساتھ نظریہ پاکستان کی تبلیغ بھی ضروری ہے،طارق خان
اسلام آباد( نوائے وقت نیوز ) پن پوائنٹ انسٹیٹیوٹ اور آئی یو ایف کے چیئرمین طارق خان نے پاکستان اِن دی ورلڈ ،میگزین کے زیر انتظام سیمینار '' پاکستان کے ستر سال؛ تاریخ کے اسباق ''سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نظریہ اسلام کی بنیا د پر حاصل کیا تھا۔ پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں کے ساتھ پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی حفاطت بھی ہم سب پر فرض ہے۔ انڈیا اور عالمی سازشیں پاک فورسز کو کمزور کرنا چاہتی ہیں تا کہ اپنے مقاصد حاصل کر سکیں ۔ پاک فوج انڈ یا کو خطے کا چیمپین نہیں مانتی۔ پاک فوج ملک میں امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنانے میں کوشاں ہے اور اسکی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ انڈیا بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو تنہا کرنا چاہتا ہے جس کے لیے یہ چین، ایران اور افغانستان کے ساتھ تعلقات خراب کرنے کے ساتھ مسلم ممالک میں بھی اپنی سازشیں کر رہا ہے۔ پاکستان کا مسلم اُمہ کے اتحاد میں اہم کردار ہے جو انڈیا کو ہضم نہیں ہوتا اور کشمیر کے مسئلے سے توجہ ہٹا نے کے لیے یہ حربے استعمال کرتا ہے۔ لیکن دنیا میں کوئی طاقت ایسی نہیں جو پاکستان کو نیچا دکھا سکے۔ پاکستان اللہ اور اسکے رسول کا ملک ہے اور کلمہ کے نام پر حاصل ہواجس کی تکمیل کشمیر کے نقشہ کے بغیر ممکن نہیں۔