کوک اسٹوڈیو کے سیزن 10 کی دوسری قسط‘ نامور گلوکار گیت جان بہاراں اور دیگر تین گانے پیش کریں گے
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کوک اسٹوڈیو نے اپنے تاریخی سیزن 10کی پہلی قسط میں شائقین کو بہترین موسیقی فراہم کرنے کے ساتھ اس رحجان کو آگے بڑھاتے ہوئے دوسری قسط کا بھی اعلان کردیا ہے۔ اس قسط میں کوک اسٹوڈیو مزید جوش و جذبہپیدا کرنے کے لئے موسیقی کے بڑے ستاروں جس میں علی حمزہ‘ علی نور‘ علی ظفر‘ قرة العین بلوچ‘ راحت فتح علی خان اور سلمان احمد کے ہمراہ نئے ابھرتے ہوئے ستاروں علی سیٹھی‘ جعفر زیدی اور وقار احسن کو نمایاں طور پر پیش کر رہا ہے۔ ہر قسط میں کسی گیت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے تصور کو آگے بڑھاتے ہوئے کوک اسٹوڈیو کے 10ویں سیزن کی دوسری قسط میں گیت ”جان بہاراں“ کو خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے جس کی دھنیں 1993ءمیں رحلت فرمانے والے عظیم موسیقار ماسٹر عنایت حسین نے ترتیب دی تھیں جبکہ بول تنویر نقوی نے لکھے تھے۔ سیزن 10 کی دوسری قسط میں شجاع حیدر نے پاکستان فلم میوزک اور تھیٹر طرز کی میوزک کو اس گانے کو ازسر نو تخلیل کے ساتھ برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے جس کے ساتھ ہسپانوی طرز کونزاکت کے ساتھ اہم انداز سے شامل کیا گیا ہے۔ ویسے تو علی ظفر اسٹیج پرفارمنس سے سب کے دل موہ لیتے ہیں وہ ”جان بہاراں“ گیت میں اپنی متاثر کن صلاحیتوں کے ذریعے اس گانے میں طاقتور پرفارمنس پیش کر رہے ہیں۔کوک اسٹوڈیو کے سیزن 10 کی دوسری قسط میں پیش کئے گئے دیگر تین گانوں میں علی سیٹھی‘ علی حمزہ اور وقار احسن کا تنگ دھن‘ جعفر زیدی اور قراة العین بلوچ کا فاصلے اور راحت فتح علی‘ علی نور اور جنون بینڈ کے بانی سلمان احمد کے”مئی اونی“ شامل ہیں جنون بینڈ نے اپریل 1997ءمیں یہ گانا ریلیز کیا تھا۔