مسلم لیگ ن جدہ کے زیراہتمام یوم آزادی کی پروقار تقریب

18 اگست 2017

جدہ ( نمائندہ خصوصی ) پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے جدہ میں یوم آزادی کے سلسلے میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جدہ مسلم لیگ کے صدر سیٹھ عابد نے کہا ہے کوئی منفی پروپگنڈہ نواز شریف یا مسلم لیگ کی پاکستان کیلئے کی گئی خدمات کو عوام کے دلوںسے نہیں نکال سکتا مخالفین نواز شریف کو پاکستان کے عوام کے دلوں سے نکالنے کی کوشش میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے ۔ مسلم لیگ کے سینئر رہنما ء مسعود احمد پوری نے کہا کہ پہلے میاں نواز شریف کو ایٹمی دھماکوں کی سزا ملی جبکہ اب انہیں پاکستان کی اقتصادی صورتحال اور بہترین مستقبل کیلئے کئے جانے والے منصوبے ”سی پیک “ کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کی سزا ملی انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کا یہ اعزاز مسلم لیگ اور تاریخ سے کوئی علیحدہ نہیں کرسکتا کہ مسلم لیگ وہ جماعت ہے جس نے پاکستان بنایا۔ رابطہ سیکریٹری ملک حمائت نے کہا کہ پاکستان دشمن قوتیں پاکستان کی ترقی سے نالاں رہتی ہیں اور ہمیشہ سرگرم حکومتوں پر شب خون مارتی ہیں اور یہ نواز شریف کے ساتھ تیسری مرتبہ ہوا مگر عوام ہر انتخاب میں اپنی محبتوں کا اظہار کرتے ہیں ۔ سینئر نائب صدر چوہدری جعفر حسین نے کہا کہ میاںنواز شریف نے پاکستان سے دہشت گردی کا صفایا کرنے کامیاب کوششیں کی ہیں اسلئے اندرون پاکستان موجود پاکستان کی ترقی کے دشمن ہی نہیں بلکہ بیرون ملک بھی قوتیں نوازشریف اور مسلم لیگ کے خلاف سازشوںمیں مصروف ہیں ۔ جنرل سیکریٹری نور آرائیں نے کہا کہ مخالفین نوازشریف کی عوام میں پذیرائی دیکھ کر خوفزدہ ہوگئے ہیں اسوقت ضروری ہے کہ مسلم لیگ بھی مضبوط ہو انشااللہ آئیندہ انتخابات میں نواز شریف ہی وزیر اعظم ہونگے ۔ قائم مقام صدر چوہدری فاروق ا نجم نے کہا کہ نواز شریف کے حالیہ جی ٹی روڈ مارچ میں عوام فیصلہ دے چکے ہیں کہ میاں نوازشریف کے خلاف جو بھی فیصلے کئے وہ سازش تھے اور غلط تھے ۔تقریب سے اشفاق احمد ، ملک محی الدین ، چوہدری شہباز نے خطاب کیا ۔ تقریب کے آخر میں یوم آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا ۔