انٹرنیشنل پروفیشنل انجینئرز ایگریمنٹ میں مکمل رکنیت کیلئے ڈاکٹر گیوسی سیوکی پاکستان آمد

18 اگست 2017

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)انسٹیٹیوشن آف انجینئرز ملائشیا سے انجینئر ڈاکٹر گیوسی سیو تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں ۔ پاکستان انجینئر نگ کونسل کے چیئرمین انجینئر جاوید سلیم قریشی نے پی ای سی ہیڈ کوارٹر میں ڈاکٹر گیو کا استقبال کیا۔ اپنے دورے کے دوران ڈاکٹر گیو پاکستان انجینئرنگ کونسل کے انجینئرز کی رجسٹریشن اور انجینئر کی مسلسل پیشہ ورانہ ترقی کے لئے اختیار کردہ نظام کا جائزہ لیں گے۔ ڈاکٹرگیوبین الاقوامی پریکٹسز اور انٹرنیشنل پروفیشنل انجینئرز ایگریمنٹ کی ہدایات کی روشنی میں ضروری رہنمائی اور مینٹرنگ کریں گے تاکہ مروجہ طریقہ کار کو بہتر بنا کر پی ای سی کو انٹرنیشنل پروفیشنل انجینئرز ایگریمنٹ میں مکمل رکنیت کے حصول میں مدد دے سکیں۔ فی الوقت پاکستان کو پی ای سی کی نمائندگی میں اس ایگریمنٹ کی عارضی رکنیت حاصل ہے ۔مکمل رکنیت کے حصول سے پاکستانی انجینئرز کو انٹرنیشنل پروفیشنل انجینئر کا ٹائٹل مل سکے گا۔ انٹرنیشنل پروفیشنل انجینئرز ایگریمنٹ کی طرف سے وفد فائنل جائزہ لینے کیلئے اس سال کے آخر تک پاکستان کا دورہ کرے گا۔ دورے کے پہلے روز ڈاکٹر گیونے پی ای سی کے چیئرمین انجینئر جاوید قریشی، وائس چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر اور سینئر حکام سے ملاقات کی۔ انجینئر خادم حسین بھٹی نے پی ای سی کے افعال اور کامیابیوں کے حوالے سے اور انجینئر مصعب قریشی نے انجینئرز کی رجسٹریشن کے مروجہ طریقہ کار پر ڈاکٹر گیو کوبریفنگ دی۔