حکومت نے پو لیو کے خاتمہ کیلئے قابل قدر اقدامات کئے: صدر ممنون

18 اگست 2017

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر ممنون حسین نے پولیو کے خاتمے کے لئے حکومتی کوششوں کی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت نے اس مرض کے خاتمے کیلئے شاندار کوششیں کی ہیں۔ صدر نے کہاکہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی کی موجودہ رفتار کے پیش نظر یہ امیدکی جا سکتی ہے کہ پاکستان سے جلد پولیو کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔ صدر نے یہ بات گزشتہ روز روٹری فاؤنڈیشن کے سربراہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ صدر نے کہا کہ پولیو کے پھیلاؤ کا ایک بڑا سبب عسکریت پسندی تھی۔ جس پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔ صدر نے کہا کہ مرض کے پھیلاؤ کی ایک وجہ ناخواندگی اور حفظان صحت کے اصولوں سے عدم واقفیت ہے۔ اس سلسلے میں حکومتی ایک جامع منصوبہ پر عملدرآمد کر رہی ہے۔ جس کے تحت پرائمری تعلیم مکمل طور پر خواتین کے سپرد کر دی جائے گی۔ جس سے شرح خواندگی میں اضافے کے ساتھ ساتھ صحت کے بارے میں بھی شعور اجاگر ہوگا۔ روٹری فاؤنڈیشن کے چیئرمین نے صدرکو فاؤنڈیشن کی طرف سے پولیوکے خاتمے کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔