نیب بدعنو ان عناصر کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے: قمر زمان چودھری

18 اگست 2017

اسلام آباد(نامہ نگار)چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ بدعنوان لوگوں کو پکڑ کر ان سے لوٹی ہوئی رقم قومی خزانے میں جمع کرانا نیب کی اولین ترجیح ہے ، افسران کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پیشہ وارانہ تربیت کے لیے بھیجا جارہاہے اس سے ان کی کارکردگی بہتر ہو گی۔چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی صدارت میں جمعرات کو نیب کے آپریشن ڈویژن کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان چوہدری نے کہاکہ کرپشن تمام برائیوں کی ماں ہے اور نیب بدعنوان عناصرسے آہنی ہاتھوں نمٹنے کیلئے پر عز م ہے اس ضمن میں تمام ممکن وسائل استعمال کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ غیرجانبداری،پروفیشنل ازم، شفافیت اور میرٹ کومدنظررکھا گیا ہے موجودہ انتظامیہ نے ادارے میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم، سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرمتعارف کرائے ہیں جس سے 10ماہ کے قلیل عرصہ میں مقدمات نمٹانے میں مدد ملی ہے۔