جنوبی پنجاب میں ترقیاتی اسکیموں کی خود نگرانی ، جلد بلوچستان کا دورہ کرونگا : وزیر اعظم

18 اگست 2017

اسلام آباد(این این آئی+آئی این پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ٗ ارکان قومی اسمبلی عوام کے مسائل کے حل کیلئے کام کریں۔ وزیراعظم سے بہاولپور ڈویژن کے لیگی ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی جس میں مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے وزیراعظم کو حلقوں میں ترقیاتی سکیموں سے آگاہ کیا۔ وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ ، وزیر مملکت صنعت وپیداوار ارشد خان لغاری، ارکان قومی اسمبلی مخدوم سید علی حسن گیلانی، سید محمد ا صغر، طاہر بشیر چیمہ، شیخ فیاض الدین ، مخدوم خسرو بختیار، میاں امتیاز احمد، محترمہ زیب جعفر ، مائزہ حمید، اور مسز صبیحہ نذیر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ اس موقع پر شاہد خاقان عباسی نے کہامسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ ترقیاتی سکیموں پر پیشرفت کی خود نگرانی کروں گا۔ ارکان قومی اسمبلی عوام کے مسائل کے حل کے لیے کام کریں۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی پر فوکس کر رکھا ہے۔ جنوبی پنجاب میں بجلی اور گیس کی فراہمی کی سکیموں کیلئے فنڈز فوری جاری کیے جائیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گے اور علاقے کے ارکان قومی اسمبلی عوامی شکایات کے حل کے لئے ان سے کسی بھی وقت رابطہ کرسکتے ہیں۔دریں اثناء وزیراعظم نے کہا ہے کہ حکومت نے بلوچستان میں امن و امان کی بہتری پر توجہ دی ہے جس کے ثمرات تیز تر ترقی کی شکل میں ملے ہیں۔وہ وزیراعلیٰ بلوچستان سردار ثناء اللہ زہری سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام کی ترقی ان کے دل کے بہت قریب ہے اور بلوچستان کو دیگر وفاقی اکائیوں کے برابر لانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ وہ ترقیاتی منصوبوں اور امن وامان کی صورتحال کے جائزہ کے لئے آئندہ چند روز میں بلوچستان کا دورہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
شاہد خاقان