کراچی سے بدین جانیوالی وین بس سے ٹکرا گئی ، 5 افراد ہلاک

18 اگست 2017

کراچی/ گھارو/ ٹھٹھہ (نامہ نگار/ بیورو رپورٹ) قومی شاہراہ پر تیز رفتار مسافر وین کا بس سے تصادم کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 7 شدید زخمی ہو گئے۔ کراچی سے بدین جانے والی تیز رفتار وین کا قومی شاہراہ پر گجو شہر کے قریب ٹھٹھہ آنے والی بس سے تصادم ہو گیا نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہو گئے جن میں بیلو شہر کے دو رہائشی حضور بخش ولد ناتھو ولڑو‘ انور ولد آچار ولڑو اور گولارچی کا رہائشی علی بخش ولد مولا بخش لغاری شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والے دو افراد کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ حادثے میں 7 افراد محمد سعید‘ مختیار‘ عاقب‘ نور مصطفی مجاہد‘ گل محمد اور حاجی سلامت شدید زخمی ہو گئے۔ ہلاک شدگان کی لاشیں اور زخمیوں کو سول اسپتال مکلی لایا گیا ہے۔ گھارو سے نامہ نگار کے مطابق کراچی سے بدین جانے والی مسافر وین تیزرفتاری کے ڈرائیور سے بے قابو ہو کر مسافر بس میں پیچھے سے جا گھسی جس کے نتیجے میں وین میں سوار 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 7 افراد شدید زخمی ہو گئے‘ زخمیوں کو سول اسپتال مکلی منتقل کیا گیا ہے حادثہ اتنا شدید تھا کے وین کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ امدادی سرگرمیوں میں مقامی لوگوں کے ساتھ فوجی جوانوں نے بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے میں مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر کام کیا۔ مرنے والوں میں انور‘ علی بخش‘ نواز‘ شبیر و دیگر شامل ہیں۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹھٹھہ کے علاقے گجو کے قریب وین اور بس کے تصادم میں جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر ٹھٹھہ سے حادثے کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
حادثہ