میڈیا ہائوسز پر حملے: ایم کیو ایم کے مزید 11 کارکنوں کی ضمانت منظور
کراچی (نمائندہ نوائے وقت) سندھ ہائی کورٹ نے بغاوت‘ میڈیا ہاوس پر حملے اور دہشت گردی کی مقدمات میں ایم کیو ایم کے 11 کارکنوں کی ضمانت منظور کر لی۔ جمعرات کو سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ کے روبرو ایم کیو ایم رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف بغاوت اور دہشت گردی کے دو مقدمات میں مزید 11 کارکنوں کی درخواست ضمانت سماعت ہوئی۔ عدالت نے ایم کیو ایم کے مزید 11 کارکنوں کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے دو دو لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ ملزموں میں ایم کیو ایم کارکن محمد عدیل‘ سلیم‘ ولیم‘راشد‘ را طارق‘ ولید اور دیگر شامل ہیں‘ انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم کارکنوں کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔ ایم کیو ایم کارکنوں کو متحدہ بانی کی 22 اگست 2016ء میں اشتعال انگیز تقریر کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ ایک اور کارکن عمران راجا کی قتل اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں ضمانت منظور کر لی گئی۔
ایم کیو ایم/ ضمانت