کراچی میں آتشزدگی کے واقعات: 2 افراد جھلس گئے

18 اگست 2017

کراچی (کرائم رپورٹر) شاہراہ قائدین پر اتفاقیہ آگ لگنے سے چھیپا ویلفیئر کی ایمبولینس جل کر تباہ ہو گئی‘ فائر بریگیڈ کے مطابق ایمبولینس نمبر سی ایس 9984 میں آگ بیٹری کے تار شارٹ ہونے سے لگی تھی آتشزدگی کے نتیجے میں ایمبولینس مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بریگیڈ کے علاقے لائنز ایریا میں عثمانیہ مسجد کے قریب گیس پائپ لائن میں آگ لگنے سے 2 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے جبکہ ایک موٹر سائیکل جل کر تباہ ہو گئی۔ واقعہ جمعرات کی شام پیش آیا جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں میں شدید خوف و ہراس پایا گیا تاہم بعدازاں فائر بریگیڈ اور محکمہ سوئی سدرن کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔
کراچی/ آتشزدگی