مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نو‘ راشدی‘ بلوچ اور سردار یوسف فارغ
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نو کی ہے جس کے تحت پیر سید صدرالدین شاہ راشدی‘ عبدالقادر بلوچ اور سردار محمد یوسف کو رکنیت سےفارغ کر کے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ‘ وفاقی وزیرصنعت غلام مرتضی جتوئی اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کوشامل کیاگیا ہے۔ وزیراعظم مشترکہ مفادات کی کونسل کے سربراہ ہوں گے۔ جبکہ پنجاب ‘ کے پی کے ‘ سندھ اور بلوچستان کے وزراءاعلی اس کے دیگر ارکان بھی شامل ہیں۔ آئین کے تحت مشترکہ مفادات کے کونسل کا اجلاس 90 روز کے اندر ایک بار ہونا ضروری ہے جبکہ خصوصی دعوت پر دیگر افراد یا وفاقی وزراءاجلاس میں شریک ہوسکتے ہیں۔ تاہم گزشتہ چند ماہ میں مشترکہ مفادات کی کونسل کا کوئی اجلاس نہیں بلایا گیا۔ نوتشکیل شدہ مشترکہ مفادات کی کونسل کا اجلاس آئندہ چند روز میں متوقع ہے جس میں دیگر ایشوز کے علاوہ مردم شماری کے نتائج پر مبنی ابتدائی رپورٹ منظوری کے لیے پیش ہوگی۔