;; الیکشن سے قبل انتخابی اصلاحات کا نفاذ یقینی بنایا جائے، سراج الحق

18 اگست 2017

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن سے قبل انتخابی اصلاحات کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے ۔سیاسی قیادت الیکشن اصلاحات کے نفاذ کیلئے مشترکہ لائحہ عمل دے ۔الیکشن ریفارمز کے بغیر انتخابات محض چہرے بدلنے کی ریہرسل ہے ۔انتخابات میں دولت کے بے دریغ استعمال کورو کنااورانتخابی بے قاعدگیوں کا ذمہ دار براہ راست پریزائیڈنگ آفیسر کو قرار دیا جائے ۔ اربوں روپے خرچ کرکے اور ووٹ خرید کر الیکشن جیتنا سب سے بڑی دھاندلی ہے ۔الیکشن کمیشن انتخابی اخراجات کی خود نگرانی کرے اور اخراجات کی مقررہ حد سے تجاوز کرنے والوں کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری نہ کیا جائے ۔آئین کی دفعہ باسٹھ تریسٹھ پر پورا نہ اترنے والے امیدواروں کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دی جائے ۔امریکہ کی طرف سے حزب المجاہدین کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا دنیا بھر کی آزادی پسند قوموں کی آزادی کو سلب کرنے کے مترادف ہے ۔ٹرمپ مودی کی محبت میں تمام اصولوں کو فراموش کرچکا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں اپنی صدارت میں ہونے والے جماعت اسلامی کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ ،نائب امراء حافظ محمد ادریس ،اسد اللہ بھٹو،راشد نسیم ،میاں محمد اسلم ،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ پروفیسر محمد ابراہیم ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر ،امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد ،امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ مشتاق احمد خان و دیگر نے شرکت کی ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پارلیمنٹ کی انتخابی اصلاحات کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹی نے کچھ عرصہ قبل انتخابات میں بہتری کیلئے جو تجاویز دی تھیں ابھی تک ان پر عمل درآمد نہیں ہوسکا اور نہ انتخابات میں دھاندلی روکنے کا کوئی فول پروف نظام دیا گیا ہے ۔سیاست کو جاگیر دار وڈیر ے اور سرمایہ دار اپنے گھر کی لونڈی سمجھتے ہیں ،سیاسی پارٹیوں کے اپنے اندر جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں بلکہ اکثر سیاسی جماعتیں خاندانی پراپرٹی بن گئی ہیں ،چند خاندانوں نے سیاست اورجمہوریت کویرغمال بنا رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی نگرانی میں سیاسی جماعتوں کے اندر انتخابات کروائے تاکہ سیاسی جماعتوں سے موروثیت کو ختم کیا جاسکے۔
سراج الحق