حکومت نے پولیو کے خاتمہ کیلئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا: صدر ممنون
اسلام آباد(آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے پولیو کے خاتمے کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس سے اس سال پولیو کے صرف تین واقعات سامنے آئے ہیں۔ انسداد پولیو مہم کی کامیابی کی اس رفتار کے پیش نظر قوی امید ہے پاکستان سے اس مرض کا جلد خاتمہ ہوجائے گا۔ صدر مملکت نے یہ بات روٹری فاونڈیشن کے سربراہ کلیان بینر جی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر فانڈیشن کے سینئر رکن عزیز میمن ، پنجاب چیپٹر کی گورنر مسز فائزہ قمر اور سندھ بلوچستان چیپٹر کے گورنر اویس کوہاری اور حکومت پاکستان کے انسداد پولیو ایمرجنسی آپریشن سیل کے سربراہ ڈاکٹر رانا صفدر سمیت دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پولیو کے پھیلا کا ایک بڑا سبب عسکریت پسندی تھی جس پر بڑی حد تک قابو پایا جا چکا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے یکسو ہے اور اس کے خاتمے کے لئے بھرپور محنت کررہی ہے جس کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح کے امراض کے پھیلا کا ایک سبب ناخواندگی اور حفظان صحت کے اصولوں سے ناواقفیت بھی ہے۔ اس سلسلے میں حکومت ایک جامع منصوبے پر کام کررہی ہے جس کے تحت پرائمری تعلیم مکمل طور پر خواتین کے سپرد کردی جائے گی ۔ اس موقع پر روٹری فاونڈیشن کے سربراہ کلیان بینر جی نے پولیو کے خاتمے کے سلسلے میں اپنی کوششوں سے صدر مملکت کو آگاہ کیا اور کہا کہ انسداد پولیو کے سلسلے میں فاونڈیشن حکومت پاکستان سے تعاون جاری رکھے گی۔
صدر ممنون