70 سال میں ایک بھی وزیراعظم اپنی مدت مکمل نہیں کرسکا‘ احسن اقبال

18 اگست 2017

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیرداخلہ پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان ایسے دوراہے پرکھڑاجہاں ہمارے فیصلے طرزعمل اور رویے ہماری کامیابی یاناکامی کافیصلہ کریں گے، دنیا میں جن ملکوں نے ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل کی اس کے پیچھے پالیسیوں کا تسلسل اور سیاسیعدم استحکام نظر آتاہے لیکن بد قسمتی سے پاکستان میں 90 کی دہائی ، جب ماڈرن اکانومی کی بنیاد رکھی جا رہی تھی ،کو بار بار حکومتوں کی برطرفی کے ذریعے سیاسی عدم استحکام کی نذر کردیاگیا، 70سال میں ایک بھی وزیر اعظم اپنی مدت مکمل نہیں کرسکا، جو ہم ماضی میں کرتے رہے کیا مستقبل میں بھی کرتے رہیں گے ، سیاسی و جمہوری بے یقینی بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، ہماری معیشت ٹیک آف کی پوزیشن پر کھڑی ہے، 2017ءکے پاکستان کا 2013ءسے کوئی موازنہ نہیں کیاجاسکتا، 70سال جیو پولیٹیکل بیانیہ حاوی رہا اب ہمیں جیو اکنامک بیانیے میں داخل ہونا ہے۔ معیشت مضبوط نہ ہوتو ایٹم بم بھی آزادی کی حفاظت نہیں کرسکتے اور معیشت کی مضبوطی کا واحد راستہ سیاسی استحکام ہے۔جمعرات کو یہاں پلاننگ کمیشن کے زیر اہتمام پاکستان ڈویلپمنٹ سمٹ اینڈ ایکسپو میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات کی پاکستان کے 70ویں یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کرکے بہت خوش محسوس کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 70سالہ سفر کے دوران پاکستان نے بہت سے موڑ دیکھے ہیں ۔اس دوران ہم نے کامیابی بھی حاصل کی ہیں اور بہت سے مواقع ضائع بھی کئے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کی مثال ایک ایسے گلاس کی ہے جسے آدھا بھراہوا بھی قراردیا جاسکتاہے اور آدھا خالی بھی کہا جا سکتا ہے۔ یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم اسے آدھا بھراہوا دیکھتے ہیں یا آدھا خالی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم خود پر کم ہمتی اور مایوسی کو غالب کرلیں گے تو یہ ہمیں آدھا خالی نظر آئے گا۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ آج پاکستان ایک دو راہے پر کھڑا ہے جہاں ہمارے فیصلے طرز عمل اور رویے ہمیں کامیابی کی طرف بھی لے جاسکتے ہیں اور ناکامی سے بھی دو چار کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس 70سالہ سفر کے دوران بہت سے ممالک جو ہم سے پیچھے تھے آگے نکل گئے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا معرض وجود میںآنا ایک معجزہ تھا۔ انہوں نے کہاکہ بوجھل دل کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ 70سالوں میں ایک بھی وزیر اعظم اپنی پانچ سالہ مدت پوری نہیں کرسکا۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف میں کوئی خرابی ہو گی۔ بینظیر میں بھی خرابی ہو گی لیکن جونیجو میں کیا خرابی تھی اور وزیر اعظم جمالی کیوں پانچ سال پورے نہ کرسکے۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی جمہوری بے یقینی بہت بڑاسوالیہ نشان ہے ۔ہمارے مستقبل کا فیصلہ اس پر ہوگا کہ کیا ہم جو ماضی میں کرتے رہے ہیں وہ مستقبل میں بھی کرتے رہیں گے۔ قبل ازیں پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چئیرمین سرتاج عزیز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں اپنی ترقی کے سفر کاجائزہ لے کر آئندہ کے لئے اپنے راستے کا تعین کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ معاشی ترقی کے ثمرات مستحق طبقات تک پہنچنے چاہئیں۔ سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی ترقی شعیب صدیقی نے کہا کہ وفاقی وزیر احسن اقبال کی سربراہی میں اور ان کے ویژن کے تحت وزارت نے ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کیا ۔ انہوں نے اس توقع کااظہار کیاکہ سرتاج عزیز کی سربراہی میں پلاننگ کمیشن اپنے اہداف حاصل کرے گا۔