نائیجیریا، خودکش بمبار خواتین کے حملے، 28افراد ہلاک، 82زخمی

18 اگست 2017

ابوجا / میداگوری(اے این این) نائیجیریا میں مہاجرین کے ایک کیمپ کے داخلی دروازوں پر 3 خودکش بمبار خواتین کے حملوںمیں 28 افراد ہلاک، 82 زخمی ہوگئے، متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے،جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق افریقی ملک نائیجیریا کے شمال مشرقی حصے میں ایک خودکش حملے کے نتیجے میں 28 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ میداگوری شہر کے قریب ایک مارکیٹ میں خودکش حملے میں 82افراد زخمی ہوگئے۔مقامی حکام کے مطابق مشتبہ طور پر شدت پسند گروپ بوکوحرام کے 3 خودکش حملہ آوروں نے مذکورہ مارکیٹ کے قریب ہی واقع مہاجرین کے ایک کیمپ کے داخلی دروازوں پر خود کو دھماکوں سے اڑا لیا، بوکوحرام کی طرف سے گزشتہ 2 ماہ کے دوران نائیجیریا میں دہشت گردانہ حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔