بھارتی مظالم کشمیریوں کو جدوجہد آزادی سے نہیں روک سکتے‘ خواجہ آصف
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ خواجہ آصف نے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارت کے بدترین جبر و تشدد،، شہریوں کی شہادت حریت راہنماﺅں کی اسیری اور انہیں ہراساں کرنے کی پالیسیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے تازہ ظلم و تشدد پر اپنے ردعمل میںوزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی حکومت یہ نوشتہ دیوار پڑھ لے کہ اس کا ظلم کشمیریوں کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق کودارادیت کیلئے ان کی جدوجہد سے نہیں روک سکتا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیری، پر امن انداز میں جس عزم کے ساتھ حق خودارادیت کی جدوجہد میں مصروف ہیں وہ قابل ستائش ہے۔انہوں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی بھارتی سازش کا فوری نوٹس لے۔ انہوں نے اس ضمن میں بھارتی حکومت کی طرف سے اپنے دستور میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حثییت کے شق 35.A ختم کر کے وہاں غیر کشمیریوں کو جائیدادیں خریدنے ، اور ان کی آبادی بڑھانے کی کوششوں کا بھی حوالہ دیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی مذموم کوششیں سلامتی قونصل کی قراردادوں اور تمام عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ خواجہ آصف نے کہ کہ پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کیلئے جدوجہد میں انہیں بھرپور اخلاقی سیاسی اور سفارتی مدد فراہم کرے گا۔