نیب بدعنوان عناصر کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے‘ قمر زمان چودھری

18 اگست 2017

اسلام آباد(نامہ نگار)چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ بد عنوان لوگوں کو پکڑ کر ان سے لوٹی ہوئی رقم قومی خزانے میں جمع کرانا نیب کی اولین ترجیح ہے ، افسران کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پیشہ وارانہ تربیت کے لیے بھیجا جارہاہے اس سے ان کی کارکردگی بہتر ہو گی۔چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی صدارت میں جمعرات کو نیب کے آپریشن ڈویژن کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان چوہدری نے کہاکہ کرپشن تمام برائیوں کی ماں ہے اور نیب بدعنوان عناصرسے آہنی ہاتھوں نمٹنے کےلئے پر عز م ہے اس ضمن میں تمام ممکن وسائل استعمال کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ غیرجانبداری،پروفیشنل ازم، شفافیت اور میرٹ کومدنظررکھا گیا ہے موجودہ انتظامیہ نے ادارے میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم، سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرمتعارف کرائے ہیں جس سے 10ماہ کے قلیل عرصہ میں مقدمات نمٹانے میں مددملی ہے ۔ افسران کی استعداد کار میں اضافہ کےلئے اقدامات ،اندرونی احتساب اور کوانٹی فائیڈدگریڈنگ سسٹم سے بہت بہتری آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 2014سے آج تک نیب کی کارکردگی ایک ہی رفتار سے جاری ہے اجلاس میں نیب کے آپریشن ڈویژن کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین نیب نے ٹیم ورک کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کرپٹ عناصر کوگرفتار کرنے کےلئے آپریشن ڈویژن کو مضبوط بنایا گیا ہے ۔ چیئرمین نیب نے کہاکہ موجودہ انتظامیہ نے ملتان سکھراور گلگت بلتستان میں علاقائی دفاتر قائم کئے ہیں جبکہ ہیڈ کوارٹر سمیت تمام دفاتر میں مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سسٹم متعارف کرایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نیب کو پیشہ وارانہ طور پر مزید مضبوط بنانے کےلئے مزید اقدمات کئے جارہے ہیں ۔