ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر الزام تراشی، پی سی بی کا عمر اکمل کو شوکاز نوٹس جاری

18 اگست 2017

لاہور(آئی این پی، این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر گالیاں دینے کا الزام لگانے پر عمر اکمل کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا۔پی سی بی نے کرکٹر عمر اکمل کی جانب سے ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر گالیاں دینے کا الزام لگانے پر انہیں شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کرکٹر کو 7 روز میں تحریری جواب جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔ اس حوالے سے پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ اگر عمر اکمل نے جواب نہ دیا تو یکطرفہ کارروائی کی جائے گی۔عمر اکمل نے کل پریس کانفرنس کے دوران الزام لگایا تھا کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے انضمام الحق اور سینئر کھلاڑیوں کے سامنے انہیں ڈانٹا اور گالیاں دیں جبکہ سینئر پلیئرز نے انہیں ایسا کرنے سے نہیں روکا، وہ دیگر کھلاڑیوں کو بھی گالیاں دیتے رہتے ہیں، اور مجھے اکیڈمی آنے کی بجائے کلب کرکٹ کھیلنے کا کہا ہے۔دوسری جانب مکی آرتھر نے عمر اکمل کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹر غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں، کوچنگ اسٹاف قانونی طور پر سنٹرل کنٹریکٹ والے پلیئرز کے ساتھ ہی کام کرنے کا مجاز ہے۔دوسری طرف مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے پی سی بی کے شوکاز نوٹس کا جواب بھر پور طریقہ سے دینے کا اعلان کیاہے ۔عمراکمل کا کہناہے کہ "جب غلطی پر نہیں تو ڈر کیسا"۔ انہوں نے مزید کہا کہ "پہلے ہی علم تھا کہ بورڈ مجھے ذمہ دار ٹھہرائے گا"۔ مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کا کہنا ہے کہ میں حق پر ہوں اور اپنے موقف پر بھی قائم ہوں اور پی سی بی کو اپنا موقف ضرور دوں گا۔