نجی تعلیمی ادارے حکومت کے بازو ہیں‘ گورنر سندھ

18 اگست 2017

کراچی (وقائع نگار ) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے ، موجوہ دور ٹیکنالوجی کا ہے ،عصرحاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ اعلیٰ تعلیم با الخصوص تحقیق پر بھرپور توجہ دینا ہو گی ، پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل کرانے سے قبل اعلیٰ تعلیم کا فروغ انتہائی نا گزیر ہے ، ملکی آبادی کا 60 فیصد سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ہے ان نوجوانوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے سے قدرت کے انمول قیمتی خزانہ سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نجی ادارے حکومت کا بازو ہیں جو ملکی ضروریات کے مطابق حکومت سے بھرپور تعاون اور ملکی ترقی میں بھرپور حصہ بھی لے رہے ہیں اس ضمن میں نجی تعلیمی ادارے با الخصوص حبیب یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں اہم و معاون ثابت ہو رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حبیب یونیورسٹی کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر حبیب یونیورسٹی کے چیئر مین علی حبیب بھی موجود تھے ۔یونیورسٹی میں گورنر سندھ کو ایڈمنسٹریشن آفس، کلاس رومز، لائبریری اور تحقیقی لیب کا معائنہ بھی کرایا گیا۔ اس موقع پر انھیں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی ، یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق سے متعلق بھی گورنر سندھ کو آگاہ کرتے ہوئے چیئر مین علی حبیب نے بتایا کہ مقامی بورڈ ز سے 85 فیصد مارکس حاصل کرنے والے 50 طالب علموں کو یونیورسٹی میں اسکالر شپس کے ذریعہ تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔