شہریار خان آج بلامقابلہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ بن جائیں گے
لاہور (سپورٹس رپورٹر) سابق چیئرمین پی سی بی شہریار ایم خان آج بلامقابلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین منتخب ہو جائیں گے۔ 10 جولائی 2014ء کو منظور ہونے والی پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کے مطابق گورننگ بورڈ کا پہلا اجلاس آج لاہور میں قائم مقام چیئرمین و چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) ثائر علی کی زیر صدارت ہوگا۔ اجلاس کے یک نکاتی ایجنڈا میں صرف اور صرف چیئرمین پی سی بی کے عہدہ کا الیکشن پراسیس مکمل کرنا ہے۔ سابق چیئرمین پی سی بی شہریار ایم خان عہدے کے مضبوط امیدوار ہیں کیونکہ ان کے علاوہ دوسرے کسی امیدوار نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل نہیں کرائے ہیں۔ نئے آئین کے تحت گورننگ بورڈ کے پہلے اجلاس میں چار ریجنز جن میں راولپنڈی، اسلام آباد، کراچی اور پشاور جبکہ چار محکمے واپڈا، نیشنل بنک، سوئی گیس اور یو بی ایل کے نمائندوں کے علاوہ وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے نامزد دو ارکان کے علاوہ سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ کمیٹی اعجاز چودھری، چیف آپریٹننگ آفیسر سبحان احمد بھی اس موقع پر موجود ہونگے۔ تاہم سیکرٹری آئی پی سی اور چیف آپریٹننگ آفیسر پی سی بی چیئرمین کے الیکشن میں اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کر سکیں گے۔