مفتیان کا فلسطین پر جہاد کا فتویٰ آیا، ریاست صورتحال دیکھتی ہے: سردار یوسف

Apr 18, 2025

لاہور+ کراچی (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ)وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے سیکرٹری، چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ملکی سالمیت کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے،جس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پوری قوم مستعد ہے۔ دینی قوتیں، قومی یکجہتی اور فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام رواداری، انسان دوستی اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ انتہا پسندی، تشدّد اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے دینی شخصیات کے طرز زیست سے اکتساب فیض کرنا ضرور ی ہے۔ ملاقات کے موقع پر سیکرٹری، چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ ا تحادِ اْمت کے لیے محراب و منبر کا تابناک کردار مینارہ نور ہے۔ دین اسلام تکریم انسانیت کا سب سے بڑا پیغامبر ہے۔ پْر امن بقائے باہمی کے لیے تمام مسالک کے جیّد علماء کرام مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر، اسلام کے صحیح تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے اسوہء رسولؐ اور سیرت طیبہ کا ابلاغ لازم ہے۔ علاوہ ازیں نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ مفتیان کرام کی جانب سے فلسطین کے معاملے پر جہاد کا فتویٰ آیا ہے۔ ان کا کام فتویٰ دینا ہے البتہ ریاست کو بین الاقوامی صورت حال کو دیکھنا ہوتا ہے تاکہ کسی عمل سے عالمی امن کو کوئی خطرہ نہ ہو۔ کراچی ایئرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں استقبال کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اپنی وزارت سے متعلق ذمہ داری نبھانے کراچی آیا ہوں، مسلم لیگ ن کی حکومت نے عوام کے لیے اصلاحات کیں جس سے عام افراد کو فائدہ پہنچا۔

مزیدخبریں