علی امین گنڈا پور کیخلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات ختم

سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور کے خلاف چیک پوسٹ حملہ کیس میں انسداد دہشت گردی کی دفعات ختم کردیںاور رہنما پی ٹی آئی کو ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں علی امین گنڈا پور کے خلاف بھکر میں چیک پوسٹ حملہ کیس کی سماعت ہوئی۔پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کو 3 روزہ ریمانڈ کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا۔پولیس کی جانب سے علی امین گنڈا پور کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، پولیس نے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ واردات میں استعمال گاڑی ریکور کرنی ہے۔علی امین گنڈا پور کے وکیل نے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ کیس عام عدالت میں منتقل کیا جائے۔عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا جو بعد میں سنادیا گیا ۔عدالت نے علی امین گنڈا پور کے خلاف کیس میں انسداد دہشت گردی کی دفعات ختم کردیں اور رہنما پی ٹی آئی کو ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ علی امین گنڈاپور کو بدھ کو بھکر کے علاقہ مجسٹریٹ سول کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔