فیروزوالا:ٹریفک حادثات میں 3افراد جاں بحق‘5زخمی
فیروزوالا( نامہ نگار )جی ٹی روڈ اور شاہدرہ کی علاقے میں ٹریفک کے مختلف حادثات میں تین افراد ہلاک اور پانچ افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ شاہدرہ چوک کے قریب تیز رفتار آئل ٹینکر نے سڑک عبور کرتے ہوئے شہری کو روند ڈالا جو موقع پر جاں بحق ہوگیا ۔حادثے کے بعد ڈرائیور فرار ہوگیا۔ شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے متوفی کی نعش قبضہ میں لے کر ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال بھجوا دی ۔ جی ٹی روڈ کی آبادی کھوڑی کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر لگنے سے راہگیر شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال لے گیا یہاں پر وہ دم توڑ گیا ۔ صدر پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کر لی ۔ جی ٹی روڈ کی آبادی چونگی سٹاپ کے قریب ویگن کا ٹائر خراب ہو جانے کے باعث ٹائر بدلتے ہوئے ٹرک کی زد میں آکر ویگن ڈرائیور شوکت علی جاںبحق ہوگیا پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کر لی ۔لاہور روڈ کی آبادی واپڈا چوک کے قریب تیز رفتار رکشہ الٹنے سے رکشہ سوار دو عورتوں سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔