رمضان میں بھی کراچی کے عوام پانی کو ترس رہے ہیں، حنید لاکھانی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں بھی کراچی کی عوام پینے کے پانی کو ترس رہی ہے سندھ حکومت وفاقی منصوبوں میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے، ہم ملکر چلنا چاہتے ہیں لیکن سندھ حکومت عوام کی خدمت کے نام سے دور بھاگتی ہے ، کراچی کو اگر صوبائی حکومت کے رحم و کرم پر چھوڑا تو یہ اسے نوچ نوچ کر کھا جائے گی سندھ حکومت ساتھ دے یا نہ دے ہم اپنی ذمہ داری پوری کریں گے، ان خیالات کا اظہارا نہوںنے حنید لاکھانی سکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا، حنید لاکھانی نے کہا کہ کے فور منصوبہ جلد مکمل ہونا چاہیے یہ منصوبہ پہلے ہی مختلف وجوہات کی وجہ سے تیرہ سالوں سے زیر التوا ہے اور اس کی وجہ سے کراچی کی بڑی آبادی کو پانی جیسی اہم ترین بنیادی ضرورت کے حصول کے لیئے پریشانی کا سامنا ہے جبکہ اس پر لاگت کا تخمینہ بھی 15ارب سے بڑھ کر 75ارب تک بڑھ چکا ہے، پاکستان تحریک انصاف نے تو اس منصوبے کا ذمہ اب لیا ہے جو لوگ تین دہائیوں سے صوبے میں حکومت کر رہے ہیں انہوں نے اس منصوبے پر کیا کیاہے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہر ی زیر زمین پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں جو نمکین اور کھاراہے کراچی کو اسوقت ایک ارب دوس کروڑ گیلن یومیہ پانی کی ضرورت ہے مگر فی الوقت ضرورت کا صرف 45فیصد پانی ہی شہریوں کو مل پاتا ہے حکومت سے کہوں گا کہ کے فور منصوبے میں مزید تاخیر نہ کی جائے شہر میں پانی کی قلت سے فسادات کا خطرہ بھی سر اٹھا سکتا ہے، کے فور منصوبے کے التوا کا شکار ہونے کا نقصان شہر ی اٹھا رہے ہیں سندھ حکومت کی نااہلی کیوجہ سے کراچی کے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ، ماہ مبارک میں بھی لوگوں کو پانی کے لیئے گھنٹوں لائن میں لگ کر پانی بھرنا پڑتا ہے، شہریوں کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانے کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے کراچی میٹروپولیٹن سٹی ہے اوراس کے باسی دورجدید میں بھی پانی کے لیئے ترس رہے ہیں جوکہ ایک لمحہ فکریہ ہے اگر یہی حالات رہے تو مستقبل میں پانی کے حصول کے لئے شہر میں فسادات ہونے کا بھی خدشہ ہے۔