اسد عمر تحریک انصاف کا حصہ تھے ہیں اور رہیں گے، تحریک انصاف میں کوئی گروپ بندی نہیں ہے : شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسد عمر کی خدمات کا معترف ہوں ،جن مشکل معاشی حالات میں انہوں نے کام کیا وہ کسی کیلئے بھی آسان نہیں تھا ، وہ تحریک انصاف کا حصہ تھے ہیں اور رہیں گے ۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سب ممبران وزیراعظم کی ٹیم کا حصہ ہیں اور وہ ٹیم کے کپتان ہیں انہوں نے فیصلہ کرنا ہے کہ کس کوکیا ذمہ داری دینی ہے اور کس سے کیا کام لینا ہے ۔ اسد عمر ہماری ٹیم کا ایک نمایاں چہرہ ہیں میں ان کی خدمات کا معترف ہوں وہ تحریک انصاف کے کارواں کے صف اول کے سپاہی تھے ہیں اور رہیں گے ۔ انہوں نے مشکل حالات میں ذمہ داریاں سنبھالیں جس حالت میں ان کو معیشت ملی وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے ایمانداری اور دیانتداری سے اپنا کام کیا ، آج وہ اپنے عہدے سے سبکدوش ہوئے ہیں، وہ ہمارا حصہ تھے ہیں اور رہیں گے ۔ ہم ان کے خیالات سے مستفید ہوتے رہیں گے ۔ اسد عمرکو ہٹانے کے بارے میں مجھے علم نہیں ،میں ملتان میں ہوں۔ اسد عمر نے بڑے مشکل حالات میں کام کیا اور اچھا کام کیا جس قسم کی معیشت انہیں ملی وہ کسی کیلئے بھی آسان نہ تھی ،میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ حکومت کو معاشی مشکلات کاسامنا ہے ،جب تحریک انصاف اقتدار میں آئی تو اسے تاریخی تجارتی خسارہ ملا ۔ جی ڈی پی کا 6.6 مالی خسارہ تھا، قرض نئی حدوں کو چھو رہا تھا ، پچھلی حکومتوں نے بے دریغ قرض لئے، انکی ترجیحات میں ایسے پروجیکٹس تھ،ے صنعتی اور زرعی شعبہ ان کی ترجیحی نہیں رہی ،غیر ملکی سرمایہ کاری بتدریج گررہی تھی، ان حالات میں انہوں نے عہدہ سنبھالا اور اقدامات اٹھائے ،اس سے بہتری کے آثار شروع ہوئے ہیں مکمل بہتر ہونے میں وقت لگے گا ۔ چیلنجز ہیں ان کی جگہ جو بھی آئے گا اسے چیلنجز کا مقابلہ کرنا پڑے گا۔کیونکہ ملکی خزانے کو بڑی بے دردی سے نہ صرف لوٹا گیا بلکہ غلط حکمت عملی سے ملک کو اس نہج پرپہنچایا گیا ، ڈالرکو مصنوعی طورپر پیک کیا گیا تھا ،وزیراعظم عمران خان ہیں اور رہیں گے ،تحریک انصاف میں کوئی گروپ بندی نہیں ہے۔