مہنگائی کیخلاف بھی کوئی آپریشن ضرب عضب ہونا چاہئے: سراج الحق
لاہور ( سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سرا ج الحق نے کہاہے کہ مہنگائی کے خلاف بھی کوئی آپریشن ضرب عضب ہونا چاہیے ۔ معاشی دہشتگردی نے ہر پاکستانی کو متاثر کیاہے ۔ حکمرانوں نے ملک کو بھوک وخوف کی دلدل میں دھکیل دیاہے ۔ وزیرخزانہ کے نت نئے اعلانات خوف و ہراس میں مزید اضافہ کر رہے ہیں ۔آٹھ ماہ سے حکومت نے غیر سنجیدہ رویہ اپنا رکھاہے ۔ حکومت اعلانات پہلے کر دیتی ہے اور سوچتی بعدمیں ہے ۔ حکومت کے آٹھ ماہ کے دور حکومت میں پنجاب میں تین آئی جیز کے تبادلوں کا نیا ریکارڈ ہے ۔ بادشاہت کی بجائے ملک میں قانون کی حکمرانی قائم کی جائے ۔ کوئٹہ اور پشاور میں دہشتگردی کے واقعات اس بات کا ثبوت ہیں کہ دہشت گردی کا سرابھی پور ی طرح کچلا نہیں جاسکا ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے منصورہ میں پختون جرگہ لاہور کے وفد سے گفتگو میں کیا ۔ سراج الحق نے کہاکہ پنجاب میں انتظامی افسروں کے تبادلوں کی ژالہ باری سے عوام رل گئے ہیں ۔ عوام اپنے مسائل کا حل جبکہ حکمران افسروں سے اپنی تابعداری کرانا چاہتے ہیں ۔ چاہتے ہیں کہ حکومت عوام کو ریلیف دے اور رمضان سے قبل مہنگائی میں کمی کر کے اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں دسمبر 2018 ء کی سطح پر لائے تاکہ غریب بھی رمضان کی برکتوں کو سمیٹ سکیں ۔