اختیا رات کا رونا چھو ڑ کر ذمہ دار ی قبول کی جا ئے ، مرتضیٰ وہاب
کراچی (نوائے وقت نیو ز)مشیر اطلاعات سندھ مرتضی وہاب نے کہا ہے دیگر صوبوں کی پولیس صوبائی حکومت کے ماتحت ہے، سندھ میں پولیس جوابدہ نہیں ہے۔بدھ کو کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مرتضی وہاب نے کہا کہ پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے کے 6 واقعات ہوچکے ہیں، وقت آگیا ہے کہ اختیارات کا رونا رونا چھوڑیں اور ذمے داری قبول کریں۔ صوبے کو آئین اور وزیراعلی چلائے گا، پولیس اختیارات کا نہیں اپنی کارکردگی کا بتائے۔مشیر اطلاعات سندھ مرتضی وہاب نے کہا کہ ہم نے بڑی مشکل سے اس صوبے میں امن قائم کیا تھا، پولیس کا افسر والدین کو ساتھ دینے کا کہتا ہے اور ڈراتا ہے، ارشاد رانجھانی کیس میں دہشتگردی کی شقوں کو نکال دیا گیا، پولیس کب تک اپنے آپ کو بچائے گی، پولیس کا احتساب ہونا چاہیے۔مشیر اطلاعات سندھ نے تین اسپتالوں کو وفاق کو دینے کے سپریم کورٹ کے حکم پر کہا کہ جنوری میں سپریم کورٹ نے 3 اہم اسپتالوں کو وفاق کو دینے کا کہا تھا تاہم اب تک وفاق اسپتالوں کو ٹیک اوور کرنے کیلیے اقدامات نہیں کرسکا، وعدے تو بہت کیے گئے، آج 90 دن پورے ہوگئے۔مرتضی وہاب نے کہا کہ ہم نے عدالت میں درخواست جمع کروائی ہے کہ 90 دن کی مدت میں توسیع کی جائے، محکمہ صحت ان تینوں اداروں کو خط لکھے گا کہ ان کے اخراجات ہم برداشت کریں گے، جس طرح ماضی میں ان کے اخراجات برداشت کیے اب بھی کریں گے، بڑی محنت کے بعد یہ ادارے بہتر ہوئے ہیں، انہیں سیاست کی نذر نہ کیا جائے۔