ایرانی خاتون باکسر‘کوچ کی گرفتاری کے وارنٹ ‘ وطن واپسی منسوخ
لاہور(سپورٹس ڈیسک )ایران کی پہلی خاتون باکسر صدف خادم نے حکام کی جانب سے کوچ سمیت ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری ہونے پر وطن واپسی منسوخ کر دی۔ آفیشل باکسنگ میں شرکت کرنے والی پہلی ایرانی خاتون صدف خادم کی ترجمان کا کہنا تھا کہ تہران میں ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیے گئے ہیں اس لیے واپسی کا ارادہ ترک کردیا ہے۔صدف خادم کے علاوہ فرانس میں مقیم ایرانی نژاد سابق عالمی چیمپئن باکسر مہیار منش پور نے بھی ایرانی واپسی کا ارادہ کرلیا تھا لیکن ان کے بھی گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیے گئے ہیں۔مہیار کے ترجمان کلارا ڈالے کا کہنا تھا کہ مہیار منیش پور فرانسیسی شہری ہیں اور وہ صدف خادم کے ہمرا ایران جانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں تھے لیکن ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیے گئے ہیں۔خیال رہے کہ صدف خادم نے گزشتہ روز باکسنگ کے مقابلے میں مقامی باکسر اینی چوون کو شکست دی تھی۔پیرس میں ایرانی سفارت خانے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ انہیں صدف خادم اور ان کے کوچ کے گرفتاری کے وارنٹ جاری ہونے کی تصدیق کے لیے درخواست آئی ہے۔ دونوں باکسرز کی وطن واپسی کے ارادے منسوخی کے حوالے سے ردعمل کی درخواست کی گئی ہے تاہم انہوں نے اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا۔