بکے ہوئے ووٹوں سے منتخب سینیٹرز کا مستقبل کیا ہوگا,چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا کیا بنے گا؟ خواجہ آصف
وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سینیٹ انتخابات میں ووٹ بیچنے والوں کو پارٹی سے نکالنے کے اعلان کے بعد سوال اٹھایا ہے کہ ان ارکان اسمبلی کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے سینیٹرز کا مستقبل کیا ہوگا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ یہ بتایا جائے ان ووٹوں سے منتخب ہونے والے سینیٹرز، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا کیا بنے گا۔عمران خان کی نیوز کانفرنس کے بعد وزیرخارجہ خواجہ آصف نے اپنی ٹوئٹ میں مزید کہا کہ سینیٹ الیکشن کا ساراعمل شروع سے ہی غلط تھا۔خیال رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سینیٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے والے اراکین قومی اسمبلی کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان کر دیا ہے۔