حکومت کا کام صرف بل اور ٹیکس لیکر عوام کا خون چوسنا نہیں: سراج الحق
لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کا کام صرف بل اور ٹیکس جمع کرکے عوام کا خون چوسنا نہیں ہوتا، اسے عوام کے ساتھ ماں کا کردار ادا کرنا چاہئے اور عوامی ضروریات کا خیال رکھنا چاہیے۔ حکمران عوام کے ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی رقم عوام کی بجائے اپنے عیش و عشرت پر خرچ کر دیتے ہیں اور عوام تعلیم، صحت ، روزگار اور امن و امان جیسی بنیادی ضرورتوں سے محروم ہیں ۔ ستر سال سے ملک پر مسلط اشرافیہ نے ہمیشہ عوام کی امنگوں کا خون کیا اور انہیں سہانے خواب دکھا کر ان کا استحصال کیا۔ نئی نسل اقتدار کے بھوکے سیاستدانوں کے فریب میں آنے کی بجائے پاکستان کو ایک اسلامی اور فلاحی ریاست بنانے کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دے ۔ جماعت اسلامی کی حکومت ہر مظلوم کی وکالت خود کرے گی ۔ تعلیم اور علاج مفت ہوگا ۔ ہر بے گھر کو چھت اور بے روزگار کو روزگاری الائونس دیں گے ۔ ظلم و جبر اور جہالت کے اندھیروں سے نکلنے کے لئے کرپٹ سیاستدانوں سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔ ان خیالات کااظہار انہو ں نے اپنے حلقہ انتخاب جندل معیار میں ٹانک شاہ پل کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ علاقہ کی ترقی کے لیے سی پیک سے صرف روٹ نہیں بلکہ اقتصادی اور صنعتی زون چاہئے۔ پاکستان سے محبت خیبر پی کے کے عوام کے خون میں رچی بسی ہے۔ ہم پاکستان کو پھلتا پھولتا اور ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان دنیا میں عزت و وقار کے ساتھ سر اٹھا کر چلے اور امت کی قیادت کرے مگر عالمی قوتوں کے آلہ کار اور آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں نے عالمی برادری میں پاکستان کو بدنام کیا ہے۔