نواز شریف ذہن نشین کر لیں خدا نے ان کی دراز رسی کھینچ لی: طاہر القادری
لاہور (صباح نیوز) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ جنرل ضیاء الحق کے مہرے اور منتخب وزرائے اعظم کے خلاف سازشوں میں شریک رہنے والے نااہل نواز شریف لکھی ہوئی تقریر پڑھ کر کس کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں؟ نااہل نواز شریف ذہن نشین کر لیں خدا نے ان کی دراز رسی کھینچ لی، اب تک جتنی تذلیل ہوئی یہ ابتداء ہے، پاکستان کو لوٹنے والے شریف خاندان کا ٹھکانہ جیل اور مقدر ذلت و رسوائی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وکلاء کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا مایوس نواز شریف کا بیانیہ امپورٹڈ اور ملک میں انتشار پھیلا کر چار دہائیوں پر پھیلی ہوئی خاندانی لوٹ مار کے فیصلوں اور سزائوں سے بچنا ہے، ماڈل ٹائون میں 100 لوگوں کو گولیاں مارنا اور 14کو شہید کرنا کون سی جمہوریت اور حق حکمرانی ہے؟ نااہل کو اندازہ ہو گیا ہے کہ اس بار الیکشن ہوئے تو وہ شفاف ہوں گے ان کی پشت پر پولیس پٹواری ہوگی نہ آراوز اس لیے نااہل انتخابی میدان سے بھاگنے کے بہانے ڈھونڈ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قاتل نوازشریف آئندہ الیکشن کی بجائے لوٹ مار کا حساب دینے کی فکر کریں۔ قومی ڈاکو قومی امور پر قوم کا وقت ضائع مت کریں۔ ووٹ کو عزت دینے کی آڑمیں سپریم کورٹ کے خلاف شرمناک مہم چلانا کون سے ووٹ کی عزت ہے؟ نوازشریف نے سیاست میں کرپشن، لوٹ مار،قتل غارت گری کو داخل کر کے سیاسی، سماجی اخلاقیات کا جنازہ نکالا، 3بار وزیر اعظم رہنے والے کو عدلیہ کے خلاف بد زبانی پر نوٹس ملنا شرمناک اور مرڈوبنے کا مقام ہے۔